حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ المصطفیٰ العالمیہ نمائندگی پاکستان کراچی کے شعبۂ طالبات کی پرنسپل ڈاکٹر سیدہ تسنیم زہراء موسوی، شعبہ امورِ فارغ التحصیلان طالبات کی عہدیدار سیدہ ندا زہراء رضوی اور حوزہ علمیہ جامعہ الزہراء سکردو کے شعبۂ تحقیق کی عہدیدار محترمہ شازیہ حیات نے استاد غلام حسین (ماہر سپیشل ایجوکیشن سکردو) کی نگرانی میں بلتستان یونیورسٹی کا علمی و تعارفی دورہ کیا۔

دورے کا مقصد بلتستان یونیورسٹی کے تعلیمی، تحقیقی، علمی، ثقافتی، مذہبی اور فکری ماحول سے آگاہی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ دونوں اداروں کے درمیان علمی روابط، تجربات کے تبادلے اور مستقبل میں باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔
اس موقع پر بلتستان یونیورسٹی کے شعبۂ اسلامیات کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد ریاض اور شعبۂ سوشل سائنسز کے سربراہ ڈاکٹر اشفاق احمد سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران مختلف تعلیمی و تحقیقی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور دونوں اداروں کی علمی سرگرمیوں، تعلیمی ترجیحات اور باہمی تعاون کے ممکنہ پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

ڈاکٹر محمد ریاض نے بلتستان یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات، تعلیمی نظام اور جاری علمی و تحقیقی سرگرمیوں کا تعارف پیش کیا۔ بالخصوص اسلامک اسٹیڈیز کی تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں، طلاب کی علمی و تربیتی ضروریات اور مختلف تعلیمی پروگراموں کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی۔
انہوں نے یونیورسٹی میں منعقد ہونے والی علمی، فکری، ثقافتی، تربیتی اور مذہبی سرگرمیوں کے مختلف پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی۔
اس موقع پر انہوں نے حال ہی میں یومِ حسین علیہ السلام کے حوالے سے بلتستان یونیورسٹی میں منعقدہ پروگرام اور اس سے متعلق علمی و ثقافتی سرگرمیوں کا بھی تعارف پیش کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ڈاکٹر سیدہ تسنیم زہراء موسوی نے نیز جامعہ المصطفیٰ العالمیہ کراچی کے تعلیمی و تربیتی نظام، مدرسۂ خواہران کی علمی سرگرمیوں اور جامعہ میں جاری تحقیقی و ثقافتی پروگراموں کا تعارف پیش کیا۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ جامعہ المصطفیٰ کا مقصد طالبات کو محض روایتی دینی تعلیم تک محدود رکھنا نہیں، بلکہ انہیں علمی، تحقیقی، فکری، ثقافتی اور معاشرتی میدانوں میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرنا ہے۔ اس سلسلے میں المصطفٰی انٹرنیشنل یونیورسٹی میں مختلف علمی و تحقیقی پروگراموں، تربیتی سرگرمیوں اور ثقافتی نشستوں کا انعقاد کیا جاتا ہے، تاکہ طالبات اور فارغ التحصیلان اپنی علمی صلاحیتوں کو وسیع تر معاشرتی اور تعلیمی میدان میں بروئے کار لا سکیں۔

المصطفٰی انٹرنیشنل یونیورسٹی شعبۂ کراچی کے شعبۂ امورِ فارغ التحصیلان طالبات کی عہدیدار سیدہ ندا زہراء رضوی نے جامعہ المصطفیٰ کی فارغ التحصیلان طالبات کی علمی و تحقیقی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ المصطفٰی سے فارغ ہونے والی خواہران میں یہ استعداد موجود ہے کہ وہ یونیورسٹیوں اور دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بھی تدریس، تحقیق اور علمی سرگرمیوں کے ذریعے مؤثر خدمات انجام دے سکیں اور بعض فارغ التحصیلان اس وقت مختلف شعبوں میں اسی نوعیت کی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے بلتستان یونیورسٹی کے ساتھ تعلیمی، تحقیقی اور تربیتی سطح پر تعاون کے امکانات کو بھی اہم قرار دیا۔

ملاقات کے دوران ڈاکٹر اشفاق احمد نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس نوعیت کے علمی و تعارفی دوروں اور باہمی تبادلۂ خیال کو مفید قرار دیا اور مستقبل میں بھی ایسے روابط اور ملاقاتوں کے تسلسل کی خواہش کا اظہار کیا۔
یہ دورہ نہ صرف بلتستان یونیورسٹی کے تعلیمی، تحقیقی اور علمی ماحول سے آگاہی کا ذریعہ بنا، بلکہ جامعہ المصطفیٰ العالمیہ کراچی اور بلتستان یونیورسٹی کے درمیان علمی روابط، تجربات کے تبادلے اور مستقبل میں مشترکہ تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھی ایک مثبت اور مؤثر پیش رفت ثابت ہوا۔

اس ملاقات سے اس عزم کو تقویت ملی کہ دینی و عصری تعلیمی ادارے باہمی تعاون کے ذریعے نئی نسل کی علمی، فکری اور تربیتی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کرنے میں اپنا کردار مزید مؤثر بنا سکتے ہیں۔









آپ کا تبصرہ